حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قم المقدسہ کی اسلامی بلدیہ کونسل کے اراکین کی منظوری سے اس شہر کی ایک سڑک کو ممتاز عالمِ دین اور انقلابی شخصیت آیت اللہ محمد یزدیؒ کے نام سے منسوب کر دیا گیا ہے۔
یہ نامگذاری قومی کانفرنس "نہضتِ اسلامی کے علمبردار" کے سیکریٹریٹ کی تجویز پر اور قم کی اسلامی بلدیہ کونسل کی باقاعدہ منظوری سے عمل میں آئی۔
قومی سیمینار «نہضتِ اسلامی کے علمبردار؛ آیت اللہ یزدیؒ» کی اختتامی تقریب کے موقع پر جمعرات کو ادارہ محمدیہ میں منعقد ہوئی، اس نامگذاری کی باقاعدہ رونمائی کی گئی۔ اس تقریب میں مجلس خبرگانِ رہبری کے اراکین، علما، اساتذہ اور حوزہ ہائے علمیہ کے طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر زنبیل آباد کے علاقے میں واقع بلوار شہید آیت اللہ صدوقی سے متصل نسترن اسٹریٹ کو باضابطہ طور پر آیت اللہ محمد یزدیؒ اسٹریٹ کا نام دیا گیا اور سڑک کے نئے بورڈ کی نقاب کشائی کی گئی۔
آیت اللہ محمد یزدیؒ کی علمی و انقلابی خدمات کا دائرہ نہایت وسیع ہے۔ آپ فقہائے شورای نگہبان کی رکنیت، اسلامی جمہوریہ ایران کی عدلیہ کی سربراہی، جامعہ مدرسین حوزہ علمیہ قم کی صدارت، مجلس خبرگانِ رہبری کی سربراہی، سپریم کونسل حوزہ ہائے علمیہ کی سرپرستی اور مجلس شورای اسلامی کی نمائندگی جیسے اہم مناصب پر فائز رہے۔
آپ نے ابتدائی اور اعلیٰ دینی تعلیم مکمل کرنے کے بعد قم ہجرت کی، جہاں آپ نے آیاتِ عظام بروجردیؒ، اراکیؒ اور امام خمینیؒ جیسے عظیم اساتذہ سے کسبِ فیض کیا۔ بعد ازاں آپ نے درجۂ اجتہاد حاصل کیا اور امام خمینیؒ سے اجازتِ اجتہاد بھی حاصل کی۔
آیت اللہ یزدیؒ کی متعدد علمی تصانیف فقہ، اصول، علومِ قرآن، تفسیر اور عقائد جیسے موضوعات پر شائع ہو چکی ہیں، جبکہ آپ نے قرآن مجید کا فارسی ترجمہ بھی کیا۔
یہ عظیم عالمِ دین 19 آذر 1399ھ ش کو اس دارِ فانی سے رخصت ہوئے اور آپ کا پیکرِ مطہر حضرت فاطمہ معصومہؑ کے روضۂ اقدس میں سپردِ خاک کیا گیا۔









آپ کا تبصرہ